پاکستان میں بکریوں کی 10 عام بیماریاں: وجہ، علامات، علاج، اور دیسی نسخے
![]() |
Goats Deceases In Pakistan |
پاکستان میں بکری پالنا ایک عام پیشے کے ساتھ اب ایک کمرشل اور منظم ایکٹیوٹی بن چکی ہے ، جو کام پہلے صرف دیہی علاقوں میں آمدنی کا اہم ذریعہ سمجھا جاتا تھا اب کارپوریٹرز یعنی بڑے کاروباری افراد اور گروپز کے ماتحت منظم طریقے سے کیا جا رہا بے ۔
( جس کے بہت سارے فائدوں کے ساتھ ساتھ بے شمار نقصانات بھی ہیں ، جنہیں کسی اور مضمون میں زیر بحث لایا جائے گا)
اس مضمون میں پاکستان میں بکریوں کی جن مختلف بیماریوں کا سامنا ہوتا ہے ان پر روشنی ڈالی جائے گی -
مختلف بیماریاں جن سے اگر بروقت نہ نمٹا جائے تو مالی نقصان اور جانوروں کی ہلاکت کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اس مضمون میں ہم پاکستان میں پائی جانے والی 10 عام بکریوں کی بیماریوں کی تفصیل بیان کر رہے ہیں، جن میں ان کی وجوہات، علامات، علاج، دوائیں، دیسی نسخے اور احتیاطی تدابیر شامل ہیں۔
1. پیٹ کے کیڑے (Internal Parasites)
یہ بیماری بکریوں میں آلودہ چارے ( گلہ سڑا ہوا یا ایسا خشک چارہ جس میں پھپھوندی ہو )، پانی یا گندے ماحول کی وجہ سے ہوتی ہے۔ اگر وقت پر ڈی ورمنگ (کیڑوں کی دوا) نہ دی جائے تو یہ مسئلہ شدید ہو جاتا ہے۔
علامات میں وزن کی کمی، بدہضمی، پتلا اور بدبودار پاخانہ، بال جھڑنا اور سستی شامل ہیں۔
علاج کے لیے Albendazole 10% (1ml فی 10 کلو وزن) یا Levamisole (1ml فی 10 کلو وزن) ہر 3 ماہ بعد دینا چاہیے۔
دیسی علاج میں بھنے ہوئے انار کے چھلکوں کو پیس کر نیم گرم پانی میں ملا کر پلائیں۔ میتھی دانہ، سونف اور اجوائن برابر مقدار میں ملا کر صبح خالی پیٹ دینا بھی مفید ہے۔
2. گل گھوٹو (Enterotoxemia)
یہ بیماری Clostridium perfringens نامی بیکٹیریا سے پیدا ہوتی ہے، جو اکثر زیادہ اناج یا اچانک خوراک کی تبدیلی سے فعال ہو جاتا ہے۔
علامات میں اچانک موت، پیٹ کا پھولنا، بدبودار پاخانہ، بے ہوشی یا جھٹکے شامل ہیں۔
علاج میں Enterotoxemia ویکسین سال میں ایک بار دی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ فوری طور پر Anti-toxin serum اور Penicillin G انجکشن دیا جاتا ہے۔
دیسی نسخوں میں ادرک، شہد اور ہینگ کا پانی شامل ہے۔ اجوائن اور کالا نمک کا قہوہ بھی فائدہ دیتا ہے۔
3. فٹ روٹ (Foot Rot)
یہ بیماری بکری کے پاؤں میں ہونے والا ایک جراثیمی انفیکشن ہے، جو گیلے یا کیچڑ والے فرش پر کھڑا رہنے سے ہوتا ہے۔ ( کُھروں کا خراب ہو جانا )
علامات میں پاؤں سے بدبو آنا، سوجن، زخم اور چلنے میں دشواری شامل ہے۔
علاج میں پاؤں کو Copper Sulphate 10% محلول میں 10 منٹ ڈبونا مفید ہے۔ زخم پر روزانہ Oxytetracycline اسپرے کریں۔
دیسی علاج کے طور پر نمک اور ہلدی کا لیپ لگایا جا سکتا ہے یا سرکہ اور ہلدی میں پاؤں دھونا مفید ہوتا ہے۔
4. خارش (Mange / Skin Disease)
یہ جلدی بیماری عام طور پر mites (چھوٹے کیڑے/ جوں اور چیچڑوں) کی وجہ سے ہوتی ہے۔ گندے ماحول یا متاثرہ جانوروں کے ساتھ رہنے سے یہ تیزی سے پھیلتی ہے۔
علامات میں مسلسل خارش، بال گرنا، جلد موٹی اور خشک ہونا ( جلد ایسی نظر آتی کہ جیسے خشکی کی وجہ سے گر رہی ہو ) شامل ہے۔
علاج کے لیے Ivermectin انجکشن (1ml فی 50 کلو وزن) ہفتہ وار دیا جاتا ہے۔ بیرونی دوا Amitraz 12.5% کو پانی میں ملا کر اسپرے کریں۔
دیسی نسخے میں نیم کے پتوں کو ابال کر جانور کو نہلانا یا سرسوں کا تیل، ہلدی اور کافور ملا کر خارش والی جگہ پر لگانا مفید ہے۔
5. نمونیا (Pneumonia)
نمونیا ٹھنڈی ہوا، نمی یا سردی سے ہوتا ہے اور یہ جان لیوا ہو سکتا ہے اگر فوراً علاج نہ کیا جائے۔
علامات میں ناک سے پانی بہنا، تیز بخار، کھانسی، سانس لینے میں مشکل اور سستی شامل ہے۔
علاج کے لیے Enrofloxacin، Tylosin یا Oxytetracycline انجکشن تجویز کیے جاتے ہیں۔ جانور کو گرم اور خشک جگہ پر رکھنا ضروری ہے۔
دیسی علاج میں شہد اور لہسن کا پانی، دارچینی، سونٹھ اور لونگ کا قہوہ مفید ہے۔
6. گلٹیوں کی بیماری (Caseous Lymphadenitis - CL)
یہ بیماری بیکٹیریا کے ذریعے زخم یا آلودہ سرنج سے پھیلتی ہے۔ ( یعنی ایسی سرنج جو متاثرہ جانور کے بعد دوسرے جانوروں پر استعمال کی گئی ہو )
علامات میں گردن یا جسم پر سخت گلٹیاں، گلٹی پھٹنے پر پیپ، وزن کی کمی اور بھوک کی کمی شامل ہیں۔
علاج میں Penicillin G انجکشن پانچ دن تک دیا جاتا ہے۔ زخم کو صاف کر کے Betadine لگانا چاہیے۔
دیسی نسخے میں ہلدی اور گھیکوار ( کوار غندل / ایلوویرا ) ملا کر گلٹی پر لیپ کریں۔ کافور اور سرسوں کا تیل بھی موثر ہے۔
7. تیزابیت (Acidosis)
یہ بیماری اس وقت ہوتی ہے جب بکری کو زیادہ اناج یا چینی والی خوراک کھلا دی جائے، جس سے معدے میں تیزابیت بڑھ جاتی ہے۔
علامات میں سستی، منہ سے جھاگ، الٹی، بھوک کی کمی اور قبض شامل ہیں۔
علاج میں Sodium Bicarbonate 50-100 گرام پانی میں ملا کر پلائیں۔ Normal Saline انجکشن بھی دیا جا سکتا ہے۔
دیسی نسخے میں دہی میں کالا نمک ڈال کر دینا، یا اجوائن اور سونٹھ کا قہوہ پلانا مفید ہے۔
8. بکری چیچک (Goat Pox)
یہ ایک وائرل متعدی بیماری ہے جو متاثرہ جانور سے براہ راست رابطے کے ذریعے پھیلتی ہے۔
علامات میں منہ، آنکھوں اور جسم پر دانے، بخار، بھوک کی کمی اور کمزوری شامل ہیں۔
علاج کے لیے Goat Pox ویکسین سال میں ایک بار لازمی دی جائے۔ ثانوی انفیکشن کے لیے Oxytetracycline یا Tylosin دیا جاتا ہے۔
دیسی نسخے میں نیم کے پتوں کے پانی سے نہلانا اور شہد کے ساتھ ملتانی مٹی لگا کر دانوں پر لیپ کرنا مفید ہوتا ہے۔
9. خون کی بیماری (Anaplasmosis)
یہ بیماری عام طور پر ٹِک (ticks چیچڑوں) کے کاٹنے سے پھیلتی ہے۔ آلودہ سرنج یا آلات بھی باعث بن سکتے ہیں۔
علامات میں بخار، آنکھوں میں زردی، پیشاب کا رنگ پیلا ہونا، وزن میں کمی اور کمزوری شامل ہیں۔
علاج میں Oxytetracycline اور Imidocarb Dipropionate انجکشن تجویز کیے جاتے ہیں۔
دیسی علاج میں چقندر یا گنے کا رس دینا، یا پودینہ اور تلسی کے پتوں کا قہوہ پلانا فائدہ مند ہوتا ہے۔
10. منہ کی بیماری (ORF / Contagious Ecthyma)
یہ وائرل بیماری عام طور پر نوجوان بکریوں میں زیادہ پائی جاتی ہے اور ایک سے دوسرے جانور میں تیزی سے منتقل ہوتی ہے۔
علامات میں ہونٹ، منہ، ناک پر زخم، دانے، کھانے میں دقت اور خون آنا شامل ہیں۔
علاج کے لیے Povidone Iodine یا Betadine زخم پر لگایا جاتا ہے۔ Amoxicillin یا Tylosin انجکشن بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
دیسی نسخوں میں شہد اور کافور کا لیپ یا ناریل کے تیل میں ہلدی ملا کر لگانا مفید ہے۔
ایک تبصرہ شائع کریں for "بکریوں کے امراض، اسباب، علاج اور احتیاطی تدابیر - کسانوں کے لیے مکمل معلومات"