طوطے کو باتیں سکھانے کا آسان، مؤثر اور آزمودہ مکمل طریقہ
طوطا ایک ذہین اور دلچسپ پرندہ ہے جو انسانوں کی آواز کی نقل کر سکتا ہے۔ بہت سے لوگ طوطے کو صرف خوبصورتی یا ہنسی مذاق کے لیے پالتے ہیں، لیکن اگر اسے صحیح طریقے سے تربیت دی جائے تو وہ انسانوں کی طرح باتیں کرنا سیکھ لیتا ہے۔ باتیں سیکھ کر طوطا نہ صرف بچوں کو خوش کر سکتا ہے بلکہ کہیں نہ کہیں گھر کی حفاظت کی ذمہ داری بھی سر انجام دینے لگتا ہے - اس مضمون میں ہم آپ کو بتائیں گے کہ طوطے کو باتیں سکھانے کا مؤثر اور آسان طریقہ کیا ہے۔
درست عمر
طوطے کو باتیں سکھانے کے لیے اس کی عمر بہت اہمیت رکھتی ہے۔ تین ماہ سے ایک سال کے درمیانی عمر کے طوطے سیکھنے میں تیزی دکھاتے ہیں۔ اگر طوطا بڑا ہو جائے تو سیکھنے میں زیادہ وقت لگتا ہے، لیکن تربیت پھر بھی ممکن ہوتی ہے۔
سازگار ماحول
طوطے کو دوران تربیت پرسکون اور محفوظ ماحول میں رکھنا ضروری ہے۔ شور شرابے، بچوں کی چیخ و پکار یا مسلسل حرکت اسے پریشان کر سکتی ہے۔ تربیت کے وقت مکمل خاموش ماحول ہونا انتہائی ضروری ہے ، جو ایک الگ کمرے کی صورت میں ہو سکتا ہے-
الفاظ کا انتخاب
ابتداء میں ایسے الفاظ منتخب کریں جو چھوٹے اور آسان ہوں۔ جیسے "ہیلو"، "آؤ"، "کیا حال ہے"، "بابا" وغیرہ۔ ایک وقت میں صرف ایک لفظ سکھائیں اور اسی لفظ کو بار بار دوہرائیں تاکہ طوطا اسے یاد رکھے۔
روزانہ مشق اور دہرائی
دن میں دو سے تین بار، پانچ سے دس منٹ کے سیشن رکھیں۔ صاف اور واضح آواز میں الفاظ دہرائیں۔ ایک ہی ٹون اور انداز میں بات کریں تاکہ طوطا اس آواز کو پہچان سکے۔ دنوں یا ہفتوں میں وہ لفظ بولنا شروع کر دے گا۔
ریکارڈنگ کا استعمال
آپ اپنی آواز میں ریکارڈ کیا گیا لفظ یا جملہ بار بار اسپیکر یا موبائل پر چلا سکتے ہیں۔ یہ طریقہ خاص طور پر ان افراد کے لیے مفید ہے جو دن بھر طوطے کے ساتھ نہیں رہ سکتے۔
ستائش کرنا
جب طوطا لفظ بولنے کی کوشش کرے تو اسے پسندیدہ خوراک جیسے مونگ پھلی، باجرہ یا مکئی کا دانہ دیں۔ اس طرح طوطا اس عمل کو مثبت انداز میں لے گا اور سیکھنے میں دلچسپی رکھے گا۔
بطور ٹرینر صرف ایک فرد کا کردار
ابتدائی مرحلے میں صرف ایک شخص طوطے کو تربیت دے۔ مختلف افراد کی آوازوں سے طوطا الجھن کا شکار ہو سکتا ہے، کیونکہ ایک ہی لفظ کو بولنے کے لئے سب کا لہجہ الگ الگ ہو سکتا ہے جو طوطے کی یاداشت کو متاثر کرنے کا سبب بن سکتا ہے - دوران تربیت ایک ہی آواز اور چہرہ اسے الفاظ سے جوڑنے میں مدد دے گا۔
صبر اور مستقل مزاجی
یاد رکھیں کہ ہر طوطے کی سیکھنے کی صلاحیت مختلف ہوتی ہے۔ بعض طوطے چند دنوں میں بولنا شروع کر دیتے ہیں جبکہ بعض کو ہفتے یا مہینے لگ سکتے ہیں۔ مایوسی کے بغیر مستقل مزاجی سے کام لینا ہی کامیابی کی کنجی ہے۔
ایک تبصرہ شائع کریں for "طوطے کو باتیں سکھانے کا آسان، مؤثر اور آزمودہ مکمل طریقہ"